سموئیل کی دوسری کتاب
5 کچھ وقت بعد اِسرائیل کے سارے قبیلے حِبرون میں داؤد کے پاس آئے اور اُن سے کہا: ”دیکھیں، ہمارا آپ کے ساتھ خونی رشتہ ہے۔* 2 پہلے جب ساؤل ہمارے بادشاہ تھے تو آپ ہی جنگ کے دوران اِسرائیل کی پیشوائی کرتے تھے۔* اور یہوواہ نے آپ سے کہا: ”تُم میری قوم اِسرائیل کی گلّہبانی کرو گے اور تُم اِسرائیل کے رہنما بنو گے۔““ 3 لہٰذا اِسرائیل کے سارے بزرگ حِبرون میں بادشاہ داؤد کے پاس آئے اور بادشاہ نے حِبرون میں یہوواہ کے سامنے اُن سے عہد باندھا۔ اِس کے بعد اُنہوں نے داؤد کو اِسرائیل کے بادشاہ کے طور پر مسح* کِیا۔
4 جب داؤد بادشاہ بنے تو وہ 30 سال کے تھے اور اُنہوں نے 40 سال تک حکمرانی کی۔ 5 اُنہوں نے حِبرون میں 7 سال اور 6 مہینے تک یہوداہ پر حکمرانی کی اور یروشلم میں 33 سال تک سارے اِسرائیل اور یہوداہ پر حکمرانی کی۔ 6 ایک بار بادشاہ داؤد اور اُن کے آدمی یروشلم کے لیے روانہ ہوئے تاکہ یبوسیوں پر حملہ کریں جو وہاں آباد تھے۔ اُنہوں نے داؤد کا مذاق اُڑاتے ہوئے کہا: ”تُم یہاں کبھی قدم نہیں رکھ پاؤ گے۔ تمہیں بھگانے کے لیے ہمارے اندھے اور لنگڑے ہی کافی ہوں گے۔“ اُنہوں نے سوچا: ”داؤد کبھی یہاں نہیں آ پائے گا۔“ 7 لیکن داؤد نے صِیّون کے قلعے پر قبضہ کر لیا جو اب داؤد کا شہر کہلاتا ہے۔ 8 اُس دن داؤد نے کہا: ”یبوسیوں پر حملہ کرنے والے پانی کی سُرنگ کے راستے جائیں اور اندھوں اور لنگڑوں کو مار ڈالیں جن سے داؤد* کو نفرت ہے۔“ اِس لیے یہ کہا جاتا ہے: ”اندھے اور لنگڑے گھر میں کبھی داخل نہیں ہوں گے۔“ 9 پھر داؤد اُس قلعے میں رہنے لگے اور اِسے داؤد کا شہر کہا جانے لگا۔* اور داؤد ٹیلے* سے لے کر شہر کے اندر کی طرف ہر جگہ تعمیر کا کام کرانے لگے۔ 10 اِس طرح داؤد اَور طاقتور ہوتے گئے اور فوجوں کا خدا یہوواہ اُن کے ساتھ تھا۔
11 صُور کے بادشاہ حِیرام نے داؤد کے پاس قاصد بھیجے۔ اِس کے ساتھ ساتھ اُنہوں نے دیودار کی لکڑی، بڑھئی اور دیواریں بنانے کے لیے مستری بھی بھیجے۔ وہ سب داؤد کے لیے ایک محل بنانے لگے۔ 12 داؤد جانتے تھے کہ یہوواہ نے اِسرائیل پر اُن کے تخت کو مضبوطی سے قائم کِیا ہے اور اپنی قوم اِسرائیل کی خاطر اُن کی بادشاہت کو سرفراز کِیا ہے۔
13 داؤد نے حِبرون سے آنے کے بعد یروشلم میں اَور عورتوں سے شادیاں کیں اور اَور حرمیں رکھیں اور اُن کے اَور بیٹے بیٹیاں پیدا ہوئے۔ 14 یروشلم میں اُن کے جو بیٹے پیدا ہوئے، اُن کے نام یہ ہیں: سمّوع، سوباب، ناتن، سلیمان، 15 اِبحار، اِلیسُوع، نِفِج، یافیع، 16 اِلیسمع، اِلیدع اور اِلیفالط۔
17 جب فِلِستیوں نے سنا کہ داؤد کو اِسرائیل کے بادشاہ کے طور پر مسح کِیا گیا ہے تو سارے فِلِستی اُن کی تلاش میں نکل پڑے۔ جب داؤد نے اِس بارے میں سنا تو وہ ایک محفوظ جگہ چلے گئے۔ 18 پھر فِلِستی آئے اور وادیِرِفائیم میں پھیل گئے۔ 19 داؤد نے یہوواہ سے پوچھا: ”کیا مَیں اُوپر جا کر فِلِستیوں پر حملہ کروں؟ کیا تُو اُنہیں میرے حوالے کر دے گا؟“ اِس پر یہوواہ نے داؤد سے کہا: ”جاؤ کیونکہ مَیں فِلِستیوں کو ضرور تمہارے حوالے کر دوں گا۔“ 20 اِس لیے داؤد بعلپِراضیم آئے اور وہاں فِلِستیوں کو مار گِرایا۔ پھر اُنہوں نے کہا: ”یہوواہ میرے آگے آگے میرے دُشمنوں کی صفوں کو توڑ کر ایسے نکل آیا ہے جیسے پانی اپنے زور سے دیوار کو توڑ کر نکل آتا ہے۔“ اِس لیے داؤد نے اُس جگہ کا نام بعلپِراضیم* رکھا۔ 21 فِلِستیوں نے اپنے بُت وہیں چھوڑ دیے اور داؤد اور اُن کے آدمی اُنہیں اُٹھا کر لے گئے۔
22 بعد میں فِلِستی پھر سے آئے اور وادیِرِفائیم میں پھیل گئے۔ 23 داؤد نے یہوواہ سے رہنمائی مانگی لیکن اُس نے کہا: ”اُن پر سامنے سے حملہ نہ کرنا بلکہ پیچھے کی طرف سے جانا اور بکا جھاڑیوں کے سامنے سے حملہ کرنا۔ 24 جب تُم بکا جھاڑیوں کے اُوپر فوجوں کے چلنے کی آواز سنو تو فوراً قدم اُٹھانا کیونکہ یہوواہ فِلِستیوں کی فوج کو مار گِرانے کے لیے تمہارے آگے آگے جا چُکا ہوگا۔“ 25 داؤد نے ویسا ہی کِیا جیسا یہوواہ نے اُن کو حکم دیا تھا اور اُنہوں نے جبع سے لے کر جِزر تک سارے راستے میں فِلِستیوں کو مار گِرایا۔