سلاطین کی پہلی کتاب
6 بنیاِسرائیل کے مصر سے نکلنے کے بعد 480ویں سال میں یعنی سلیمان کے بادشاہ بننے کے بعد چوتھے سال میں زِیو* کے مہینے میں (جو کہ دوسرا مہینہ ہے) سلیمان نے یہوواہ کے گھر* کی تعمیر شروع کی۔ 2 بادشاہ سلیمان نے یہوواہ کے لیے جو گھر بنایا، اُس کی لمبائی 60 ہاتھ،* چوڑائی 20 ہاتھ اور اُونچائی 30 ہاتھ تھی۔ 3 ہیکل* کے سامنے والی ڈیوڑھی کی چوڑائی* 20 ہاتھ تھی جو کہ گھر کی چوڑائی کے برابر تھی۔ گھر کے سامنے سے ناپنے پر اُس کی لمبائی 10 ہاتھ تھی۔
4 اُنہوں نے گھر میں ایسی کھڑکیاں بنوائیں جو اندر کی طرف بڑی اور باہر کی طرف چھوٹی تھیں۔ 5 اِس کے علاوہ اُنہوں نے گھر کی دیوار کے ساتھ ایک اِضافی عمارت بھی بنوائی جو گھر کی دیواروں یعنی ہیکل* اور سب سے اندر والے کمرے* کے گِرد تھی۔ اُنہوں نے اُس اِضافی عمارت میں ہر طرف کمرے بنوائے۔ 6 اُن کمروں کی سب سے نچلی منزل کی چوڑائی پانچ ہاتھ تھی، بیچ والی منزل کی چوڑائی چھ ہاتھ تھی اور تیسری منزل کی چوڑائی سات ہاتھ تھی۔ اُنہوں نے گھر کی چاروں طرف طاقیں بنوائیں تاکہ شہتیروں کو گھر کی دیواروں کے ساتھ جوڑنے کی بجائے اُن پر ٹکایا جا سکے۔
7 گھر کو تراشے ہوئے پتھروں سے بنایا گیا جنہیں پہلے سے تیار کِیا گیا تھا۔ اِس لیے اُس کی تعمیر کے دوران ہتھوڑے، کلہاڑے یا لوہے کے کسی اَور اوزار کی آواز سنائی نہیں دی۔ 8 اِضافی عمارت کی نچلی منزل کا دروازہ گھر کی جنوبی* طرف تھا۔ گول سیڑھیاں بیچ والی منزل تک جاتی تھیں اور بیچ والی منزل سے تیسری منزل تک۔ 9 سلیمان نے گھر کی تعمیر جاری رکھی اور اُسے ختم کِیا۔ گھر کی چھت میں دیودار کے شہتیر اور تختے لگائے گئے۔ 10 اُنہوں نے گھر کے گِرد جو کمرے بنوائے، اُن میں ہر ایک پانچ ہاتھ اُونچا تھا اور دیودار کی لکڑی سے گھر سے جُڑا ہوا تھا۔
11 اِس دوران یہوواہ کا یہ کلام سلیمان تک پہنچا: 12 ”اگر تُم میرے قوانین اور معیاروں پر چلو گے اور میرے سب حکموں کو مانو گے تو مَیں اپنا وہ وعدہ پورا کروں گا جو مَیں نے تمہارے باپ داؤد سے کِیا تھا، خاص طور پر وہ وعدہ جو اِس گھر کے بارے میں تھا جسے تُم بنا رہے ہو 13 اور مَیں اِسرائیلیوں کے بیچ رہوں گا اور اپنی قوم اِسرائیل کو ترک نہیں کروں گا۔“
14 سلیمان نے خدا کے گھر کی تعمیر جاری رکھی تاکہ اُسے ختم کر سکیں۔ 15 اُنہوں نے گھر کے اندر کی دیواریں دیودار کے تختوں سے بنوائیں۔ اُنہوں نے اندر کی دیواروں پر فرش سے لے کر چھت کے شہتیروں تک لکڑی اِستعمال کی اور گھر کے فرش پر صنوبر کے تختے لگوائے۔ 16 اُنہوں نے گھر کے اندر پچھلی طرف 20 ہاتھ کا ایک حصہ بنوایا اور اُس میں فرش سے لے کر شہتیروں تک دیودار کے تختے لگائے۔ اُنہوں نے اُس میں* سب سے اندر والا کمرا یعنی مُقدسترین خانہ بنوایا۔ 17 اُس سے آگے والے حصے یعنی ہیکل* کی لمبائی 40 ہاتھ تھی۔ 18 گھر کے اندر دیودار کی لکڑی پر کدو اور کِھلے ہوئے پھول کندہ تھے۔ ہر طرف دیودار کی لکڑی لگی تھی اِس لیے کوئی بھی پتھر نظر نہیں آتا تھا۔
19 سلیمان نے گھر میں سب سے اندر والا کمرا تیار کرایا تاکہ وہاں یہوواہ کے عہد کا صندوق رکھا جا سکے۔ 20 اُس کمرے کی لمبائی 20 ہاتھ، چوڑائی 20 ہاتھ اور اُونچائی 20 ہاتھ تھی۔ اُنہوں نے اُس پر خالص سونے کی پرت لگوائی اور قربانگاہ پر دیودار کی لکڑی لگوائی۔ 21 سلیمان نے گھر کے اندر کی طرف خالص سونے کی پرت لگوائی اور سب سے اندر والے کمرے کے سامنے جس پر سونے کی پرت لگائی گئی تھی، سونے کی زنجیریں لگوائیں۔ 22 اُنہوں نے پورے کے پورے گھر میں سونے کی پرتیں لگوائیں۔ اُنہوں نے اُس پوری قربانگاہ پر بھی سونے کی پرت لگوائی جو سب سے اندر والے کمرے کے نزدیک تھی۔
23 اُنہوں نے سب سے اندر والے کمرے میں چیڑ کی لکڑی* سے دو کروبی بنوائے۔ ہر کروبی کی اُونچائی دس ہاتھ تھی۔ 24 ایک کروبی کے ایک پَر کی لمبائی پانچ ہاتھ تھی اور دوسرے پَر کی لمبائی بھی پانچ ہاتھ تھی۔ ایک پَر کے سِرے سے دوسرے پَر کے سِرے کا فاصلہ دس ہاتھ تھا۔ 25 دوسرے کروبی کے پَروں کا فاصلہ بھی دس ہاتھ تھا۔ دونوں کروبی ایک ہی ناپ اور شکل کے تھے۔ 26 دونوں کروبیوں کی اُونچائی دس دس ہاتھ تھی۔ 27 پھر اُنہوں نے دونوں کروبیوں کو گھر کے اندر والے کمرے میں رکھوا دیا۔ کروبیوں کے پَروں کو اِس طرح پھیلایا گیا تھا کہ ایک کروبی کا ایک پَر ایک دیوار کو چُھو رہا تھا اور دوسرے کروبی کا ایک پَر دوسری دیوار کو چُھو رہا تھا۔ اُن کے باقی دونوں پَر کمرے کے بیچ کی طرف اِس طرح پھیلے ہوئے تھے کہ وہ ایک دوسرے کو چُھو رہے تھے۔ 28 اور اُنہوں نے کروبیوں پر سونے کی پرت لگوائی۔
29 اُنہوں نے گھر کے اندر اور باہر والے کمروں* کی سب دیواروں پر کروبی، کھجور کے درخت اور کِھلے ہوئے پھول کندہ کرائے۔ 30 اُنہوں نے گھر کے اندر اور باہر والے کمروں کے فرش پر سونے کی پرت لگوائی۔ 31 اُنہوں نے سب سے اندر والے کمرے میں داخل ہونے کے لیے چیڑ کی لکڑی کے دروازے، ستون اور چوکھٹیں بنوائیں جو پانچواں حصہ* تھا۔ 32 دو دروازے چیڑ کی لکڑی سے بنائے گئے اور اُنہوں نے اُن پر کروبی، کھجور کے درخت اور کِھلے ہوئے پھول کندہ کرائے۔ اُنہوں نے اُن پر سونے کی پرتیں لگوائیں۔ کروبیوں اور کھجور کے درختوں پر ہتھوڑے سے پِیٹ پِیٹ کر سونا لگایا گیا۔ 33 اِسی طرح اُنہوں نے ہیکل* کے اندر جانے کے لیے چیڑ کی لکڑی کی چوکھٹیں بھی بنوائیں جو کہ چوتھا حصہ* تھا۔ 34 اُنہوں نے صنوبر کی لکڑی کے دو دروازے بنوائے۔ ایک دروازے کے دو پلّے تھے جو قبضوں سے مُڑ کر دُہرے ہو جاتے تھے اور دوسرے دروازے کے بھی دو پلّے تھے جو قبضوں سے مُڑ کر دُہرے ہو جاتے تھے۔ 35 اُنہوں نے دروازوں پر کروبی، کھجور کے درخت اور کِھلے ہوئے پھول کندہ کرائے اور اُن پر سونے کی پرتیں لگوائیں۔
36 اُنہوں نے تراشے ہوئے پتھروں کی تین قطاروں اور دیودار کے شہتیروں کی ایک قطار سے اندرونی صحن بنوایا۔
37 چوتھے سال میں زِیو* کے مہینے میں یہوواہ کے گھر کی بنیاد ڈالی گئی 38 اور گیارہویں سال میں بُول* کے مہینے میں (جو کہ آٹھواں مہینہ ہے) اِس گھر کی تعمیر نقشے کے عین مطابق مکمل ہوئی اور اِس دوران ہر باریکی کا خیال رکھا گیا۔ سلیمان کو اِسے بنانے میں سات سال لگے۔