یسعیاہ
58 ”گلا پھاڑ کر چلّاؤ؛ چپ نہ رہو!
اپنی آواز نرسنگے* کی طرح اُونچی کرو۔
میرے بندوں کو اُن کی بغاوت کے بارے میں بتاؤ
اور یعقوب کے گھرانے کو اُس کے گُناہوں کے بارے میں۔
2 وہ ہر دن میری رہنمائی حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں؛
وہ میری راہوں کے بارے میں جاننے کے لیے ایسے خوش ہوتے ہیں
جیسے وہ نیکی کی راہ پر چلنے والی قوم ہوں
اور اُنہوں نے اپنے خدا کے قوانین کو ترک نہ کِیا ہو۔
وہ مجھ سے کہتے ہیں کہ مَیں نیک معیاروں کے مطابق فیصلے کروں
گویا اُنہیں خدا کے قریب آنے سے خوشی ملتی ہو۔
3 وہ کہتے ہیں: ”جب ہم روزہ رکھتے ہیں تو تجھے نظر کیوں نہیں آتا؟
جب ہم خود کو* اذیت دیتے ہیں تو تُو دھیان کیوں نہیں دیتا؟“
ایسا اِس لیے ہے کیونکہ تُم روزے کے دن بھی اپنی خواہشوں* کے پیچھے بھاگتے ہو
اور اپنے مزدوروں پر ظلم ڈھاتے ہو۔
4 تُم روزہ رکھ کر لڑائی جھگڑا کرتے ہو
اور بُرائی کے مُکے مارتے ہو۔
تُم آجکل جس طرح کے روزے رکھ رہے ہو،
اُن کی وجہ سے یہ توقع نہ کرو کہ آسمان پر تمہاری آواز سنی جائے گی۔
5 کیا مَیں چاہتا ہوں کہ اِس طرح کا روزہ رکھا جائے
کہ اُس دن ایک شخص خود کو* اذیت پہنچائے،
اپنا سر سرکنڈے کی طرح جھکائے
اور ٹاٹ اور راکھ کو اپنا بستر بنائے؟
کیا تُم اِسے ایسا روزہ اور ایسا دن کہتے ہو جس سے یہوواہ خوش ہوتا ہے؟
6 مَیں چاہتا ہوں کہ اِس طرح کا روزہ رکھا جائے
کہ تُم بُرائی کی بیڑیاں توڑ ڈالو؛
جُوئے کے بندھن کھول ڈالو؛
مظلوموں کو آزاد کر دو
اور ہر جُوئے کے دو ٹکڑے کر دو؛
7 اپنی روٹی بھوکوں کے ساتھ بانٹو؛
غریبوں اور بےگھر لوگوں کو اپنے گھر میں لاؤ؛
کسی کو ننگا دیکھ کر اُسے کپڑے پہناؤ
اور اپنے رشتےداروں سے مُنہ نہ موڑو۔
8 پھر تمہاری روشنی صبح سویرے کی روشنی کی طرح چمکے گی
اور تُم جلدی ٹھیک ہو جاؤ گے۔
تمہاری نیکی تمہارے آگے آگے چلے گی
اور یہوواہ کی شان تمہاری حفاظت کے لیے تمہارے پیچھے پیچھے آئے گی۔
9 تب تُم پکارو گے اور یہوواہ تمہیں جواب دے گا؛
تُم مدد کے لیے فریاد کرو گے اور وہ کہے گا: ”مَیں یہیں ہوں!“
اگر تُم اپنے درمیان سے جُوا نکال دو
اور دوسروں پر اُنگلی اُٹھانا اور نقصاندہ باتیں کرنا چھوڑ دو؛
10 اگر تُم بھوکوں کو وہ چیز دے دو جس کی تُم* خواہش رکھتے ہو
اور مصیبت کے مارے لوگوں* کا اچھی طرح خیال رکھو
تو تمہاری روشنی تاریکی میں بھی چمکے گی
اور تمہارا اندھیرا بھری دوپہر کی طرح ہو جائے گا۔
11 یہوواہ ہمیشہ تمہاری رہنمائی کرے گا
اور سُوکھی زمین میں بھی تمہارا* خیال رکھے گا؛
وہ تمہاری ہڈیوں میں جان ڈال دے گا
اور تُم ایک ایسے باغ کی طرح بن جاؤ گے جسے خوب پانی مل رہا ہو،
ایک ایسے چشمے کی طرح جس کا پانی کبھی خشک نہیں ہوتا۔
12 تمہاری خاطر قدیم کھنڈروں کو پھر سے بنایا جائے گا
اور تُم وہ بنیادیں پھر سے ڈالو گے جو کئی پُشتوں سے ویران پڑی ہیں۔
تمہیں ٹوٹی ہوئی دیواروں* کی مرمت کرنے والا کہا جائے گا،
ہاں، اُن راستوں کو بحال کرنے والا جن کے آسپاس لوگ بسیں گے۔
13 اگر تُم سبت کے دن یعنی میرے پاک دن اپنی خواہشوں* کے پیچھے بھاگنے سے باز رہو گے*
اور سبت کو بےاِنتہا خوشی کا دن، یہوواہ کا پاک دن اور ایک قابلِاحترام دن سمجھو گے
اور اپنی خواہشوں کے پیچھے بھاگنے اور فضول باتیں کرنے کی بجائے اِس کا احترام کرو گے
14 تو تمہیں یہوواہ کی وجہ سے بےاِنتہا خوشی ملے گی
اور مَیں زمین کی اُونچی جگہیں تمہارے حوالے کر دوں گا۔
مَیں تمہیں تمہارے بڑے بزرگ یعقوب کی وراثت کی پیداوار کھلاؤں گا۔*
یہ بات یہوواہ نے اپنے مُنہ سے فرمائی ہے۔“