زبور
داؤد کا گیت۔
138 مَیں پورے دل سے تیری بڑائی کروں گا۔
مَیں دوسرے خداؤں کے سامنے
تیری تعریف میں گیت گاؤں گا۔*
2 مَیں تیری مُقدس ہیکل* کی طرف رُخ کر کے سجدہ کروں گا۔
مَیں تیری اٹوٹ محبت اور تیری وفاداری کی وجہ سے
تیرے نام کی تعریف کروں گا
کیونکہ تُو نے اپنے کلام اور اپنے نام کو باقی سب چیزوں سے بلند کِیا ہے۔*
3 جس دن مَیں نے تجھے پکارا، تُو نے مجھے جواب دیا؛
تُو نے مجھے* دلیر اور مضبوط بنایا۔
4 اَے یہوواہ! زمین کے سب بادشاہ تیری بڑائی کریں گے
کیونکہ وہ تیرے وعدوں کے بارے میں سُن چُکے ہوں گے۔
5 وہ یہوواہ کی راہوں کے بارے میں گیت گائیں گے
کیونکہ یہوواہ کی شان عظیم ہے۔
6 حالانکہ یہوواہ اِتنا بلند ہے پھر بھی وہ خاکسار لوگوں پر توجہ فرماتا ہے
لیکن مغرور لوگوں کو صرف دُور سے جانتا ہے۔
7 جب مَیں خطروں سے گِھرا ہوں گا تو تب بھی تُو میری زندگی کی حفاظت کرے گا۔
تُو غصے سے بھڑکے میرے دُشمنوں کے خلاف اپنا ہاتھ بڑھاتا ہے؛
تیرا دایاں ہاتھ مجھے بچائے گا۔
8 یہوواہ میرے لیے اپنا ہر اِرادہ پورا کرے گا۔
اَے یہوواہ! تیری اٹوٹ محبت ہمیشہ قائم رہتی ہے؛
اپنے ہاتھوں کے کاموں کو ترک نہ کر۔