یسعیاہ
52 اَے صِیّون! جاگ! جاگ اور طاقت کا لباس پہن!
اَے مُقدس شہر یروشلم! اپنا خوبصورت لباس پہن!
کیونکہ اب سے کوئی غیرمختون اور ناپاک شخص تجھ میں داخل نہیں ہوگا۔
2 اَے یروشلم! مٹی جھاڑ! اُٹھ اور اُوپر آ کر بیٹھ!
اَے صِیّون کی قیدی بیٹی! اپنی گردن سے بندھن کھول دے!
3 کیونکہ یہوواہ یہ فرماتا ہے:
”تمہیں مُفت میں بیچا گیا
اور تمہیں بغیر قیمت کے واپس خریدا جائے گا۔“
4 حاکمِاعلیٰ یہوواہ یہ فرماتا ہے:
”پہلے میرے بندے پردیسیوں کے طور پر رہنے کے لیے مصر گئے؛
پھر اسور نے بِلاوجہ اُن پر ظلم ڈھایا۔“
5 یہوواہ فرماتا ہے: ”اب مجھے کیا کرنا چاہیے
کیونکہ میرے بندوں کو مُفت میں لے جایا گیا تھا؟“
یہوواہ فرماتا ہے: ”اُن پر حکمرانی کرنے والے جیت کے نعرے مار رہے ہیں۔
سارا دن مسلسل میرے نام کی توہین کی جاتی ہے۔
6 اِس وجہ سے میرے بندے میرا نام جان لیں گے،
ہاں، اِس وجہ سے اُس دن وہ جان لیں گے کہ وہ مَیں ہی ہوں جو بات کر رہا ہوں۔
دیکھو! وہ مَیں ہی ہوں۔“
7 پہاڑوں پر اُس شخص کے پاؤں کتنے خوبصورت ہیں جو خوشخبری لا رہا ہے؛
جو امن کا اِعلان کر رہا ہے؛
جو اچھی چیزوں کی خوشخبری لا رہا ہے؛
جو نجات کا اِعلان کر رہا ہے
اور جو صِیّون سے کہہ رہا ہے: ”تیرا خدا بادشاہ بن چُکا ہے!“
8 سُن! تیرے پہرےدار اُونچی آواز میں بول رہے ہیں۔
وہ مل کر خوشی سے للکار رہے ہیں
کیونکہ جب یہوواہ صِیّون کو واپس جمع کرے گا تو وہ صاف صاف* دیکھیں گے۔
9 یروشلم کے کھنڈرو! باغ باغ ہو اور مل کر خوشی سے للکارو!
کیونکہ یہوواہ نے اپنے بندوں کو تسلی دی ہے؛ اُس نے یروشلم کو واپس خرید لیا ہے۔
10 یہوواہ نے سب قوموں کے سامنے اپنا پاک بازو ننگا کِیا ہے؛
زمین کا ہر کونا ہمارے خدا کے نجاتبخش کام* دیکھے گا۔
11 یہوواہ کے گھر کا سامان اُٹھانے والو!
دُور ہو جاؤ، دُور ہو جاؤ؛ وہاں سے نکل آؤ؛ کسی ناپاک چیز کو نہ چھوؤ؛
اُس کے بیچ سے نکل آؤ؛ اپنے آپ کو پاک رکھو!
12 تُم ہڑبڑاہٹ میں نہیں نکلو گے
اور نہ ہی تمہیں بھاگنا پڑے گا
کیونکہ یہوواہ تمہارے آگے آگے جائے گا
اور اِسرائیل کا خدا تمہاری حفاظت کے لیے تمہارے پیچھے پیچھے چلے گا۔
13 دیکھو! میرا خادم گہری سمجھ سے کام لے گا۔
اُسے سربلند کِیا جائے گا؛
اُسے سرفراز کِیا جائے گا اور بڑی عزت بخشی جائے گی۔
14 جس طرح اُسے دیکھ کر بہت سے لوگ حیران رہ گئے تھے
کیونکہ اُس کی شکلوصورت اِتنی بگڑی ہوئی تھی جتنی کسی اَور اِنسان کی نہیں بگڑی
اور اُس کا حُلیہ اِتنا خراب تھا جتنا اِنسانوں میں سے کسی اَور کا نہیں ہوا
15 اُسی طرح وہ بہت سی قوموں کو دنگ کر دے گا۔
اُس کے سامنے بادشاہ اپنے مُنہ بند کر لیں گے*
کیونکہ وہ کچھ ایسا دیکھیں گے جو اُنہیں نہیں بتایا گیا
اور ایسی بات پر غور کریں گے جو اُنہوں نے نہیں سنی۔