زبور
موسیقار کے لیے۔ اِس نغمے کو شمینیت* کے مطابق گایا جائے۔ داؤد کا نغمہ۔
12 اَے یہوواہ! مجھے بچا کیونکہ ایک بھی وفادار شخص نہیں رہا؛
وفادار لوگ دُنیا میں سے ختم ہو گئے ہیں۔
2 لوگ ایک دوسرے سے جھوٹ بولتے ہیں؛
وہ اپنے ہونٹوں سے خوشامد کرتے ہیں؛
اُن کے دل میں کچھ اور زبان پر کچھ اَور ہوتا ہے۔
3 یہوواہ خوشامد کرنے والے ہونٹوں
اور بڑی بڑی ڈینگیں مارنے والی زبان کو کاٹ دے گا،
4 ہاں، اُن کو جو کہتے ہیں: ”ہم اپنی زبان کے دم پر جیت جائیں گے؛
ہم اپنی زبان کو جیسے چاہیں، اِستعمال کریں؛
کون ہم پر حکم چلا سکتا ہے؟“
5 یہوواہ فرماتا ہے: ”مصیبتزدہ لوگوں پر ظلم ڈھایا جاتا ہے؛
غریب لوگ آہیں بھرتے ہیں
اِس لیے مَیں کارروائی کرنے کے لیے اُٹھوں گا؛
مَیں اُنہیں اُن لوگوں سے بچاؤں گا جو اُن کے ساتھ حقارت سے پیش آتے ہیں۔“
6 یہوواہ کی باتیں پاک ہیں؛
وہ اُس چاندی کی طرح ہیں جسے مٹی کی بھٹی* میں تپایا گیا ہو اور سات بار صاف کِیا گیا ہو۔
7 اَے یہوواہ! تُو اُن کی حفاظت کرے گا؛
تُو اُن میں سے ہر ایک کو اِس پُشت سے ہمیشہ بچا کر رکھے گا۔
8 بُرے لوگ کُھلے عام گھومتے ہیں
کیونکہ اِنسان کے بیٹے بُرائی کو فروغ دیتے ہیں۔