یہوواہ کے گواہوں کی آن لائن لائبریری
یہوواہ کے گواہوں کی
آن لائن لائبریری
اُردو
  • بائبل
  • مطبوعات
  • اِجلاس
  • خدا کی بادشاہت کیا ہے؟‏
    مینارِنگہبانی—2011ء | اپریل
    • خدا کی بادشاہت کیا ہے؟‏

      ‏”‏بادشاہی کی .‏ .‏ .‏ خوشخبری۔“‏ —‏متی ۲۴:‏۱۴‏۔‏

      ایک مرتبہ یسوع مسیح ایک پہاڑی پر بیٹھ کر لوگوں کو تعلیم دے رہے تھے۔ اِس موقعے پر اُنہوں نے جو تقریر پیش کی، اُسے پہاڑی وعظ کہا جاتا ہے۔ اِسی وعظ کے دوران اُنہوں نے اپنے شاگردوں کو دُعا کرنا بھی سکھایا۔ یسوع مسیح نے اُن سے کہا کہ جب وہ دُعا کریں تو خدا سے درخواست کریں کہ ”‏تیری بادشاہی آئے۔“‏ (‏متی ۶:‏۹، ۱۰‏)‏ آج‌کل لاکھوں لوگوں کو یہ دُعا زبانی یاد ہے اور وہ اِسے دن میں کئی مرتبہ پڑھتے ہیں۔ ایک انسائیکلوپیڈیا بیان کرتا ہے کہ ”‏یہ دُعا مسیحی مذہب کی سب سے اہم دُعا ہے جسے ہر فرقے کے مسیحی اپنی عبادت میں استعمال کرتے ہیں۔“‏ اِس کے باوجود بہت سے مسیحیوں کو معلوم نہیں کہ یہ بادشاہی کیا ہے اور یہ کونسے کام کرے گی۔‏

      اِس میں حیرانی کی کوئی بات نہیں کیونکہ پادری اِس بادشاہی کے متعلق فرق‌فرق اور متضاد نظریات رکھتے ہیں۔ وہ بادشاہی کے بارے میں جو تعلیم دیتے ہیں، اکثر یہ بہت پیچیدہ ہوتی ہے اور لوگوں کی سمجھ میں نہیں آتی۔ مثال کے طور پر ایک پادری نے لکھا کہ خدا کی بادشاہت ”‏کوئی حقیقی بادشاہت نہیں ہے۔ .‏ .‏ .‏ یہ خدا کے ساتھ لگاؤ ہے، .‏ .‏ .‏ یہ اُس کی خاص قربت حاصل کرنے کا نام ہے جس سے آدمیوں اور عورتوں کو مخلصی ملتی ہے۔“‏ ایک اَور پادری کہتا ہے کہ بادشاہت کی تعلیم دراصل ”‏چرچ کے انتظام کے متعلق ہدایت“‏ ہے۔ اِس کے علاوہ کیتھولک مذہب کے ایک انسائیکلوپیڈیا میں لکھا ہے کہ ”‏خدا کی بادشاہی .‏ .‏ .‏ ہمارے دل میں خدا کی حکمرانی ہے۔“‏

      خدا کی بادشاہت کے بارے میں اِس شمارے کے صفحہ ۲ پر یہ لکھا ہے:‏ ”‏خدا کی بادشاہت یا حکومت جلد ہی دُنیا سے بُرائی کو مٹا کر زمین کو فردوس میں بدل دے گی۔“‏ کیا یہ نظریہ درست ہے؟ آئیں، دیکھیں کہ اِس سلسلے میں پاک صحیفوں میں کیا بیان کِیا گیا ہے۔‏

      زمین کے حکمران کون ہوں گے؟‏

      بادشاہت ایک ایسی حکومت ہوتی ہے جس کے حکمران کو بادشاہ کہا جاتا ہے۔ خدا کی بادشاہت کے بادشاہ یسوع مسیح ہیں جو آسمان سے حکمرانی کریں گے۔ دانی‌ایل نبی نے ایک رویا میں دیکھا کہ یسوع مسیح کو آسمان پر بادشاہ بنایا جا رہا ہے۔ دانی‌ایل نبی نے اپنی کتاب میں اِس منظر کو یوں بیان کِیا:‏ ”‏مَیں نے رات کو رویا میں دیکھا اور کیا دیکھتا ہوں کہ ایک شخص [‏یعنی یسوع مسیح]‏ آدمزاد کی مانند آسمان کے بادلوں کے ساتھ آیا اور قدیم‌الایّام [‏یعنی یہوواہ خدا]‏ تک پہنچا۔ وہ اُسے اُس کے حضور لائے۔ اور سلطنت اور حشمت اور مملکت اُسے دی گئی تاکہ سب لوگ اور اُمتیں اور اہلِ‌لغت اُس کی خدمت‌گذاری کریں۔ اُس کی سلطنت ابدی سلطنت ہے جو جاتی نہ رہے گی اور اُس کی مملکت لازوال ہوگی۔“‏—‏دانی‌ایل ۷:‏۱۳، ۱۴۔‏

      دانی‌ایل نبی نے یہ بھی لکھا کہ خدا اپنی بادشاہت کو ہمیشہ قائم رکھے گا، یہ بادشاہت دوسری تمام حکومتوں کو ختم کر دے گی اور کبھی کسی اَور کے حوالے نہیں کی جائے گی۔ دانی‌ایل نبی نے اپنی کتاب کے دوسرے باب میں ایک خواب کا ذکر کِیا جسے بابل کے بادشاہ نے دیکھا تھا۔ اِس خواب میں بابل کے بادشاہ نے ایک بہت بڑی مورت دیکھی۔ یہ مورت آنے والی عالمی طاقتوں کی جھلک تھی۔ دانی‌ایل نبی نے اِس خواب کی تعبیر کی۔ اُنہوں نے واضح کِیا:‏ ”‏آخری ایّام میں .‏ .‏ .‏ آسمان کا خدا ایک سلطنت برپا کرے گا جو تاابد نیست نہ ہوگی اور اُس کی حکومت کسی دوسری قوم کے حوالہ نہ کی جائے گی بلکہ وہ اِن تمام مملکتوں کو ٹکڑےٹکڑے اور نیست کرے گی اور وہی ابد تک قائم رہے گی۔“‏—‏دانی‌ایل ۲:‏۲۸، ۴۴۔‏

      خدا کی بادشاہت میں یسوع مسیح کے ساتھ اَور لوگ بھی حکمرانی کریں گے۔ جب یسوع مسیح زمین پر تھے تو اُنہوں نے اپنے وفادار رسولوں سے کہا تھا کہ وہ بھی آسمان پر جائیں گے اور تخت پر بیٹھیں گے۔ (‏لوقا ۲۲:‏۲۸-‏۳۰‏)‏ اِن رسولوں کے علاوہ اَور لوگ بھی یسوع مسیح کے ساتھ حکمرانی میں شامل ہوں گے۔ پاک کلام میں لکھا ہے کہ یہ لوگ ”‏ہر ایک قبیلہ اور اہلِ‌زبان اور اُمت اور قوم“‏ سے ہوں گے۔ وہ ’‏ہمارے خدا کے لئے ایک بادشاہی اور کاہن ہوں گے اور زمین پر بادشاہی کریں گے۔‘‏—‏مکاشفہ ۵:‏۹، ۱۰‏۔‏

      واقعی ایک خوشخبری

      ہم نے دیکھا ہے کہ یسوع مسیح ’‏سب لوگوں اور اُمتوں اور اہلِ‌لغت‘‏ پر حکمرانی کریں گے۔ پاک کلام میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جو لوگ یسوع مسیح کے ساتھ حکمرانی میں شامل ہوں گے، وہ ”‏زمین پر بادشاہی کریں گے۔“‏ اِس کا مطلب ہے کہ وہ زمین پر رہنے والے لوگوں پر حکمرانی کریں گے۔ لیکن اُس وقت زمین پر کون لوگ ہوں گے؟ یہ وہ لوگ ہوں گے جو آج بادشاہی کی خوشخبری کو قبول کرتے ہیں اور اِس کے مطابق عمل کرتے ہیں۔ خدا کی بادشاہت کی رعایا میں ایسے لوگ بھی شامل ہوں گے جنہیں مُردوں میں سے زندہ کِیا جائے گا۔ اِن لوگوں کو بھی زمین پر ہمیشہ تک زندہ رہنے کا موقع دیا جائے گا۔‏

      پاک کلام میں تفصیل سے بتایا گیا ہے کہ خدا کی بادشاہت کی رعایا کو کونسی برکتیں ملیں گی۔ آئیں، اِس سلسلے میں چند آیتوں پر غور کریں۔‏

      ‏”‏[‏خدا]‏ زمین کی انتہا تک جنگ موقوف کراتا ہے۔ وہ کمان کو توڑتا اور نیزے کے ٹکڑے کر ڈالتا ہے۔ وہ رتھوں کو آگ سے جلا دیتا ہے۔“‏—‏زبور ۴۶:‏۹‏۔‏

      ‏”‏وہ گھر بنائیں گے اور اُن میں بسیں گے۔ وہ تاکستان لگائیں گے اور اُن کے میوے کھائیں گے۔ نہ کہ وہ بنائیں اور دوسرا بسے۔ وہ لگائیں اور دوسرا کھائے کیونکہ میرے بندوں کے ایّام درخت کے ایّام کی مانند ہوں گے اور میرے برگزیدے اپنے ہاتھوں کے کام سے مُدتوں تک فائدہ اُٹھائیں گے۔“‏—‏یسعیاہ ۶۵:‏۲۱، ۲۲‏۔‏

      ‏”‏خدا .‏ .‏ .‏ اُن کی آنکھوں کے سب آنسو پونچھ دے گا۔ اِس کے بعد نہ موت رہے گی اور نہ ماتم رہے گا۔ نہ آہ‌ونالہ نہ درد۔ پہلی چیزیں جاتی رہیں۔“‏—‏مکاشفہ ۲۱:‏۳، ۴‏۔‏

      ‏”‏اُس وقت اندھوں کی آنکھیں وا کی جائیں گی اور بہروں کے کان کھولے جائیں گے۔ تب لنگڑے ہرن کی مانند چوکڑیاں بھریں گے اور گونگے کی زبان گائے گی کیونکہ بیابان میں پانی اور دشت میں ندیاں پھوٹ نکلیں گی۔“‏—‏یسعیاہ ۳۵:‏۵، ۶‏۔‏

      ‏”‏وہ وقت آتا ہے کہ جتنے قبروں میں ہیں اُس [‏یعنی یسوع مسیح]‏ کی آواز سُن کر نکلیں گے۔ جنہوں نے نیکی کی ہے زندگی کی قیامت کے واسطے اور جنہوں نے بدی کی ہے سزا کی قیامت کے واسطے۔“‏—‏یوحنا ۵:‏۲۸، ۲۹‏۔‏

      ‏”‏حلیم مُلک کے وارث ہوں گے اور سلامتی کی فراوانی سے شادمان رہیں گے۔“‏—‏زبور ۳۷:‏۱۱‏۔‏

      یہ تو واقعی خوشخبری ہے!‏ ایک اَور اچھی خبر یہ ہے کہ پاک کلام کی بہت سی پیشینگوئیاں پوری ہو چکی ہیں۔ اِس سے ظاہر ہوتا ہے کہ خدا کی بادشاہت جلد ہی زمین پر رہنے والے لوگوں پر حکمرانی کرنے لگے گی۔‏

  • خوشخبری کیا ہے؟‏
    مینارِنگہبانی—2011ء | اپریل
    • خوشخبری کیا ہے؟‏

      ‏”‏اِس خوشخبری .‏ .‏ .‏ “‏ —‏متی ۲۴:‏۱۴‏۔‏

      یسوع مسیح نے مسیحیوں کو حکم دیا کہ وہ ”‏بادشاہی کی .‏ .‏ .‏ خوشخبری کی مُنادی“‏ کریں۔ اِس لئے ہر مسیحی کی ذمہ‌داری ہے کہ وہ دوسروں کو بتائے کہ یہ بادشاہی جلد ہی زمین پر رہنے والے لوگوں پر انصاف سے حکمرانی کرے گی۔ خدا کے کلام میں صرف بادشاہی کی خوشخبری کا ذکر نہیں ہوا بلکہ اِس میں ”‏نجات کی خوشخبری“‏ (‏افسیوں ۱:‏۱۳‏)‏؛ ”‏خدا کی خوشخبری“‏ (‏رومیوں ۱۵:‏۱۶‏)‏ اور ”‏یسوؔع مسیح .‏ .‏ .‏ کی خوشخبری“‏ کا بھی ذکر ہوا ہے۔—‏مرقس ۱:‏۱‏۔‏

      اِس سے ظاہر ہوتا ہے کہ خوشخبری میں وہ تمام سچائیاں شامل ہیں جن کی یسوع مسیح نے تعلیم دی اور جن کے بارے میں اُن کے شاگردوں نے لکھا۔ آسمان پر جانے سے پہلے یسوع مسیح نے اپنے پیروکاروں کو یہ ذمہ‌داری سونپی:‏ ”‏جا کر سب قوموں کو شاگرد بناؤ اور اُن کو باپ اور بیٹے اور روحُ‌القدس کے نام سے بپتسمہ دو اور اُن کو یہ تعلیم دو کہ اُن سب باتوں پر عمل کریں جن کا مَیں نے تُم کو حکم دیا۔“‏ (‏متی ۲۸:‏۱۹، ۲۰‏)‏ لہٰذا سچے مسیحیوں کو صرف بادشاہت کی مُنادی کرنے کو نہیں کہا گیا بلکہ اُنہیں شاگرد بنانے کی ذمہ‌داری بھی سونپی گئی ہے۔‏

      کیا مسیحی فرقے اِس ذمہ‌داری کو پورا کر رہے ہیں؟ ذرا سوچیں کہ جو لوگ خود نہیں جانتے کہ خدا کی بادشاہت کیا ہے، وہ دوسروں کو اِس کے بارے میں کیا سکھائیں گے؟ اِس لئے زیادہ‌تر چرچوں میں لوگوں کو سکھایا جاتا ہے کہ گُناہوں کی معافی حاصل کرنے کے لئے یسوع مسیح پر ایمان لانا ہی کافی ہے۔ مسیحی پیشوا زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اپنے چرچ کے ممبر بنانے کے لئے فلاحی کام کرتے ہیں اور ہسپتال، سکول اور غریبوں کے لئے گھر بنواتے ہیں۔ اِس طرح اُن کے چرچ کے ممبروں کی تعداد تو بڑھ جاتی ہے لیکن یہ ممبر دل سے یسوع مسیح کی تعلیم پر عمل کرنے کی کوشش نہیں کرتے۔‏

      ایک مسیحی عالم نے لکھا:‏ ”‏زیادہ‌تر مسیحی عالم اور پیشوا یہ مانتے ہیں کہ ہمیں لوگوں کو یسوع مسیح کے شاگرد بنانا چاہئے اور اُنہیں یسوع مسیح کے حکموں پر عمل کرنے کی تعلیم دینی چاہئے۔ .‏ .‏ .‏ اِس سلسلے میں یسوع مسیح کا حکم بالکل واضح ہے۔ لیکن ہم اُن کے حکم پر عمل نہیں کرتے۔ ہم ایسا کرنے کی کوشش بھی نہیں کرتے۔ لگتا ہے کہ ہمیں ایسا کرنا ہی نہیں آتا۔“‏

      جب امریکہ میں کیتھولک چرچ کے ممبروں کا جائزہ لیا گیا تو ۹۵ فیصد نے تسلیم کِیا کہ خوشخبری کی مُنادی کرنا اُن کی مذہبی ذمہ‌داری ہے۔ لیکن اُن میں سے زیادہ‌تر کا خیال تھا کہ اِس ذمہ‌داری کو پورا کرنے کا بہترین طریقہ تبلیغ کرنا نہیں بلکہ اپنے چال‌چلن سے اچھی مثال قائم کرنا ہے۔ اِس جائزے میں حصہ لینے والی ایک خاتون نے کہا:‏ ”‏خوشخبری کی مُنادی زبان سے نہیں کی جاتی بلکہ ہمیں اِس خوشخبری کی مثال قائم کرنی ہوگی۔“‏ کیتھولک چرچ کے جس رسالے کے لئے یہ جائزہ لیا گیا تھا، اِس میں لکھا تھا کہ بہت سے کیتھولک لوگ مُنادی کرنے سے اِس لئے ہچکچاتے ہیں کیونکہ ”‏کیتھولک چرچ کے بہت سے عقیدے لوگوں کو پسند نہیں ہیں۔ اور حال ہی میں چرچ ایسے پادریوں کی وجہ سے بدنام ہوا ہے جنہوں نے بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کی ہے۔“‏‏—‏یو ایس کیتھولک۔‏

      میتھوڈسٹ چرچ کے ایک بشپ کو اِس بات پر بڑا افسوس ہے کہ اُس کے چرچ کے ممبروں میں اختلافات ہیں، اُن میں خوشخبری کی مُنادی کرنے کی ہمت نہیں ہے اور وہ اپنے چال‌چلن سے اچھی مثال قائم نہیں کر رہے ہیں۔ اِس لئے اُس نے بڑی مایوسی سے پوچھا:‏ ”‏وہ کون ہیں جو بادشاہت کی خوشخبری کی مُنادی کرنے کے لائق ہیں اور ایسا کر بھی رہے ہیں؟“‏

      اِس بشپ نے اپنے سوال کا جواب تو نہیں دیا لیکن اِس کا جواب ضرور ہے۔ یہ جواب آپ کو اگلے مضمون میں ملے گا۔‏

      ‏[‏صفحہ ۶ پر عبارت]‏

      خوشخبری یہ ہے کہ خدا کی بادشاہت آنے والی ہے اور یسوع مسیح پر ایمان لانے سے انسان نجات حاصل کر سکتے ہیں۔‏

اُردو زبان میں مطبوعات (‏2024-‏2000)‏
لاگ آؤٹ
لاگ اِن
  • اُردو
  • شیئر کریں
  • ترجیحات
  • Copyright © 2025 Watch Tower Bible and Tract Society of Pennsylvania
  • اِستعمال کی شرائط
  • رازداری کی پالیسی
  • رازداری کی سیٹنگز
  • JW.ORG
  • لاگ اِن
شیئر کریں