سبق نمبر 11
آپ بائبل سے بھرپور فائدہ کیسے حاصل کر سکتے ہیں؟
کیا آپ نے کبھی کوئی ایسا کام کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جو کافی بڑا تھا اور آپ کو مشکل لگ رہا تھا؟ شاید آپ نے اُس کام کو آسان بنانے کے لیے اُسے تھوڑا تھوڑا کر کے کِیا ہو۔ آپ بائبل پڑھنے کے سلسلے میں بھی ایسا ہی کر سکتے ہیں۔ لیکن شاید آپ سوچیں: ”مَیں اِتنی بڑی کتاب کو پڑھنا کیسے شروع کروں؟“ اِس سبق میں ہم کچھ سادہ سے مشوروں پر غور کریں گے جن پر عمل کرنے سے آپ کو بائبل پڑھنے میں مزہ آئے گا۔
1. ہمیں ہر روز بائبل کیوں پڑھنی چاہیے؟
جو شخص ہر روز ”[یہوواہ] کی شریعت“ یعنی بائبل پڑھتا ہے، وہ خوش رہتا ہے اور اُسے کامیابی بھی ملتی ہے۔ (زبور 1:1-3 کو پڑھیں۔) شروع شروع میں آپ ہر روز بس کچھ منٹ کے لیے بائبل پڑھ سکتے ہیں۔ آپ جتنا زیادہ خدا کے کلام سے واقف ہوں گے، آپ کو اِسے پڑھنے میں اُتنا ہی مزہ آئے گا۔
2. آپ بائبل پڑھنے سے فائدہ کیسے حاصل کر سکتے ہیں؟
ہمیں بائبل پڑھنے سے تبھی فائدہ ہوگا جب ہم اِسے پڑھنے کے بعد رُک کر اُن باتوں پر سوچ بچار کریں گے جو ہم نے پڑھی ہیں۔ ہمیں نہ صرف اِسے پڑھنا چاہیے بلکہ اُن باتوں پر ”دھیان“ بھی دینا چاہیے جو ہم پڑھتے ہیں۔ (یشوع 1:8) بائبل پڑھتے وقت خود سے اِس طرح کے سوال پوچھیں: ”اِس بیان سے مَیں یہوواہ خدا کے بارے میں کیا سیکھتا ہوں؟ مَیں اِن باتوں پر کیسے عمل کر سکتا ہوں؟ مَیں اِن آیتوں کے ذریعے دوسروں کی مدد کیسے کر سکتا ہوں؟“
3. آپ بائبل پڑھنے کے لیے وقت کیسے نکال سکتے ہیں؟
کیا آپ کو بائبل پڑھنے کے لیے وقت نکالنا مشکل لگتا ہے؟بہت سے لوگوں کو ایسا کرنا مشکل لگتا ہے۔ ”اپنے وقت کا بہترین اِستعمال“ کرنے کی کوشش کریں۔ (اِفسیوں 5:16) اِس مشورے پر عمل کرنے کے لیے ایک وقت مقرر کریں اور ہر روز اُسی وقت بائبل پڑھیں۔ کچھ لوگ صبح سویرے بائبل پڑھتے ہیں؛ کچھ لوگ دوپہر میں بائبل پڑھتے ہیں جیسے کہ کھانے کے وقفے کے دوران اور کچھ لوگ رات کو سونے سے پہلے بائبل پڑھتے ہیں۔ آپ کس وقت بائبل پڑھیں گے؟
موضوع کی گہرائی میں جائیں
دیکھیں کہ آپ کیا کر سکتے ہیں تاکہ آپ کو بائبل پڑھنے میں مزہ آئے۔ یہ بھی سیکھیں کہ آپ بائبل کورس کی اچھی تیاری کیسے کر سکتے ہیں تاکہ آپ کو اِس سے زیادہ فائدہ ہو۔
جس طرح ہم فرق فرق کھانوں سے لطف اُٹھانا سیکھ سکتے ہیں اُسی طرح ہم بائبل پڑھنے سے لطف اُٹھانا سیکھ سکتے ہیں۔
4. بائبل پڑھنے سے لطف اُٹھانا سیکھیں
شاید آپ کو شروع شروع میں بائبل پڑھنا مشکل لگے۔ لیکن آپ اپنے دل میں اِس کے لیے ”طلب پیدا“ کر سکتے ہیں۔ یہ بالکل ایسے ہی ہے جیسے کوئی شخص پہلی بار کوئی کھانا کھاتا ہے اور پھر آہستہ آہستہ اُسے اِس کا ذائقہ اچھا لگنے لگتا ہے۔ 1-پطرس 2:2 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
کیا آپ کو لگتا ہے کہ اگر آپ ہر روز بائبل پڑھیں گے تو آپ کو اِسے پڑھنے میں مزہ آئے گا اور آپ کے دل میں اِسے پڑھنے کا شوق پیدا ہوگا؟
ویڈیو چلائیں اور دیکھیں کہ کچھ لوگوں کو بائبل پڑھنا کیسے اچھا لگنے لگا۔ پھر اِن سوالوں پر باتچیت کریں:
اِس ویڈیو میں دِکھائے گئے نوجوانوں کو بائبل پڑھنا کیوں مشکل لگتا تھا؟
اُنہوں نے کیا کِیا تاکہ وہ ہر روز بائبل پڑھ سکیں؟
اُنہوں نے کیا کِیا تاکہ اُنہیں بائبل پڑھنے میں زیادہ مزہ آئے؟
بائبل پڑھنا شروع کرنے کے سلسلے میں کچھ مشورے
بائبل کا کوئی ایسا ترجمہ چُنیں جو درست ہو اور جس میں آسان زبان اِستعمال کی گئی ہو۔ اگر آپ کی زبان میں ”ترجمہ نئی دُنیا“ ہے تو اِسے اِستعمال کریں۔
شروع میں بائبل کے وہ حصے پڑھیں جو آپ کو زیادہ دلچسپ لگتے ہیں۔ اِس حوالے سے اِس کتاب میں چارٹ ”بائبل پڑھنا شروع کریں“ کو دیکھیں۔
حساب رکھیں کہ آپ نے کہاں تک پڑھ لیا ہے۔ اِس کے لیے اِس کتاب میں چارٹ ”بائبل پڑھنے کا میرا شیڈول“ کو اِستعمال کریں۔
”جےڈبلیو لائبریری“ ایپ اِستعمال کریں۔ اِس کے ذریعے آپ اپنے فون یا ٹیبلٹ وغیرہ پر بہت سی زبانوں میں بائبل پڑھ اور سُن سکتے ہیں۔
کتاب ”کتابِمُقدس کی تحقیق کے لیے گائیڈ“ کو اِستعمال کریں۔ اِس میں نقشے اور چارٹ ہیں جن کے ذریعے آپ کو بائبل پڑھنا زیادہ دلچسپ لگے گا۔
5. بائبل کورس کی تیاری کریں
زبور 119:34 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
بائبل پڑھنے یا بائبل کورس کی تیاری کرنے سے پہلے دُعا کرنا کیوں ضروری ہے؟
آپ بائبل کورس سے زیادہ فائدہ کیسے حاصل کر سکتے ہیں؟ جب آپ بائبل کورس کے لیے کسی سبق کی تیاری کرتے ہیں تو یہ کریں:
(1) سبق کا پہلا صفحہ پڑھیں۔
(2) آیتوں کو کھولیں، اِنہیں پڑھیں اور یہ سمجھنے کی کوشش کریں کہ اِن کا پیراگراف میں دی گئی معلومات سے کیا تعلق ہے۔
(3) اُن لفظوں یا جملوں پر نشان لگائیں جن کا تعلق سوال کے جواب سے ہے۔ اِس طرح آپ بائبل کورس کے دوران زیادہ اچھی طرح سبق پر باتچیت کر پائیں گے۔
کیا آپ جانتے ہیں؟
یہوواہ کے گواہوں نے بائبل کے فرق فرق ترجمے اِستعمال کیے ہیں۔ لیکن ہم خاص طور پر ”کتابِمُقدس—ترجمہ نئی دُنیا“ کو پسند کرتے ہیں کیونکہ یہ درست اور واضح ہے اور اِس میں خدا کا نام اِستعمال کِیا گیا ہے۔—ویبسائٹ پر مضمون ”کیا یہوواہ کے گواہوں کی اپنی بائبل ہے؟“ کو دیکھیں۔
کچھ لوگ کہتے ہیں: ”بائبل پڑھنا بہت مشکل کام ہے۔ میرے پاس اِسے پڑھنے کے لیے نہ تو وقت ہے اور نہ ہی طاقت۔“
آپ کا کیا خیال ہے؟
خلاصہ
اگر آپ بائبل سے بھرپور فائدہ حاصل کرنا چاہتے ہیں تو اِسے پڑھنے کے لیے وقت مقرر کریں، اِسے سمجھنے کے لیے دُعا کریں اور بائبل کورس کی تیاری کریں۔
دُہرائی
آپ بائبل سے بھرپور فائدہ حاصل کرنے کے لیے کیا کر سکتے ہیں؟
آپ کس وقت بائبل کا مطالعہ کر سکتے ہیں؟
آپ کو بائبل کورس کی تیاری کرنے کا کیا فائدہ ہوگا؟
مزید جانیں
اِن مضامین میں کچھ ایسے مشوروں پر غور کریں جن کے ذریعے آپ کو بائبل پڑھنے سے زیادہ فائدہ ہو سکتا ہے۔
”پاک کلام کو پڑھیں اور فائدہ حاصل کریں“ (مینارِنگہبانی، نمبر 1 2017ء)
اِس مضمون میں بائبل پڑھنے کے تین طریقوں پر غور کریں۔
اِس مضمون میں جانیں کہ آپ بائبل پڑھنے سے لطف کیسے اُٹھا سکتے ہیں۔
اِس ویڈیو میں کچھ ایسے لوگوں کے مشورے سنیں جو کافی سالوں سے بائبل پڑھ رہے ہیں۔