زبور
داؤد کا نغمہ۔
24 زمین اور اِس کی ساری چیزیں یہوواہ کی ہیں،
ہاں، زرخیز زمین اور اِس کے تمام باشندے
2 کیونکہ اُس نے اِسے سمندروں پر مضبوطی سے قائم کِیا ہے
اور دریاؤں پر اِس کی پکی بنیاد ڈالی ہے۔
3 یہوواہ کے پہاڑ پر کون چڑھ سکتا ہے
اور اُس کی مُقدس جگہ میں کون کھڑا ہو سکتا ہے؟
4 ہر وہ شخص جس کے ہاتھ گُناہ سے پاک اور دل صاف ہے؛
جس نے میری جان کی* جھوٹی قسم نہیں کھائی
اور جس نے دھوکا دینے کے اِرادے سے قسم نہیں کھائی۔
5 وہ یہوواہ سے برکتیں پائے گا
اور اُسے نجات دِلانے والا خدا اُسے نیک* خیال کرے گا۔
6 یہ وہ پُشت ہے جو اُس کی رہنمائی حاصل کرنے کی کوشش کرتی ہے،
جو تیری خوشنودی* کی طلبگار ہے، اَے یعقوب کے خدا! (سِلاہ)
7 اَے دروازو! اُونچے ہو جاؤ!
اَے قدیم دروازو! کُھل جاؤ!
تاکہ عظیمُالشان شہنشاہ داخل ہو!
8 یہ عظیمُالشان شہنشاہ کون ہے؟
یہ یہوواہ ہے جو طاقتور اور زورآور ہے؛
یہ یہوواہ ہے جس کا جنگ میں کوئی ثانی نہیں!
9 اَے دروازو! اُونچے ہو جاؤ!
اَے قدیم دروازو! کُھل جاؤ!
تاکہ عظیمُالشان شہنشاہ داخل ہو!
10 وہ عظیمُالشان شہنشاہ کون ہے؟
وہ فوجوں کا خدا یہوواہ ہے جو عظیمُالشان شہنشاہ ہے۔ (سِلاہ)