اِتوار، 26 اکتوبر
خدا مغروروں کی مخالفت کرتا ہے لیکن خاکساروں کو عظیم رحمت عطا کرتا ہے۔—یعقو 4:6۔
بائبل میں ایسی بہت سی عورتوں کے بارے میں بتایا گیا ہے جو یہوواہ سے محبت اور اُس کی عبادت کرتی تھیں۔ وہ اچھی عادتوں کی مالک تھیں اور ہر معاملے میں یہوواہ کی وفادار تھیں۔ (1-تیم 3:11) اِس کے علاوہ جوان بہنوں کو اپنی کلیسیا میں بھی بہت سی ایسی پُختہ مسیحی بہنیں مل سکتی ہیں جن سے وہ بہت کچھ سیکھ سکتی ہیں۔ جوان بہنو! کیا آپ کچھ ایسی پُختہ مسیحی بہنوں کو جانتی ہیں جن سے آپ بہت کچھ سیکھ سکتی ہیں؟ اُن کی خوبیوں پر غور کریں اور دیکھیں کہ آپ یہ خوبیاں کیسے دِکھا سکتی ہیں۔ ایک اچھا مسیحی بننے کے لیے خاکساری کی خوبی ہونا بہت ضروری ہے۔ اگر ایک عورت خاکسار ہے تو اُس کی یہوواہ اور دوسروں کے ساتھ اچھی دوستی ہوگی۔ مثال کے طور پر جو عورت یہوواہ سے محبت کرتی ہے، وہ خاکساری سے سربراہی کے حوالے سے اُس کے اِنتظام کی حمایت کرتی ہے۔ 1-کُرنتھیوں 11:3 میں یہوواہ نے بتایا ہے کہ کلیسیا میں پیشوائی اور گھر میں سربراہی کرنے کی ذمےداری کس کی ہے۔ م23.12 ص. 18-19 پ. 3-5
سوموار، 27 اکتوبر
ہر شوہر . . . اپنی بیوی سے ویسے ہی محبت کرے جیسے وہ اپنے جسم سے کرتا ہے۔—اِفِس 5:28۔
یہوواہ چاہتا ہے کہ ایک شوہر اپنی بیوی سے پیار کرے، اُس کی ضرورتوں کو پورا کرے، اُس کا اچھا دوست بنے اور یہوواہ کے قریب رہنے میں اُس کی مدد کرے۔ سوچنے سمجھنے کی صلاحیت کو بڑھانا، عورتوں کی عزت کرنا اور قابلِبھروسا بننا جیسی خوبیاں اور مہارتیں اچھا شوہر بننے میں آپ کی مدد کریں گی۔ شادی کے بعد شاید آپ باپ بنیں۔ آپ ایک اچھا باپ بننے کے حوالے سے یہوواہ سے کیا سیکھ سکتے ہیں؟ (اِفِس 6:4) یہوواہ نے کُھل کر اپنے بیٹے یسوع مسیح کو بتایا کہ وہ اُن سے پیار کرتا ہے اور اُن سے خوش ہے۔ (متی 3:17) جب آپ باپ بنتے ہیں تو اِس بات کا خیال رکھیں کہ آپ باقاعدگی سے اپنے بچوں کو اِس بات کا یقین دِلائیں کہ آپ اُن سے پیار کرتے ہیں۔اُن کے اچھے کاموں کے لیے اُنہیں شاباش دیں۔ جو باپ یہوواہ کی مثال پر عمل کرتے ہیں، وہ پُختہ مسیحی بننے میں اپنے بچوں کی مدد کرتے ہیں۔ آپ خود کو ابھی سے اِس ذمےداری کے لیے تیار کر سکتے ہیں۔ایسا کرنے کے لیے آپ اپنے گھر والوں اور کلیسیا کے بہن بھائیوں کا خیال رکھ سکتے ہیں اور اُنہیں کُھل کر بتا سکتے ہیں کہ آپ اُن سے پیار کرتے ہیں اور اُن کی بہت قدر کرتے ہیں۔—یوح 15:9۔ م23.12 ص. 28-29 پ. 17-18
منگل، 28 اکتوبر
[یہوواہ]آپ کو قائم کرے گا۔—1-پطر 5:10۔
ہم یہوواہ کے بندے ہیں لیکن ہمیں ایسی مشکلوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے جن کا سامنا سب لوگوں کو ہوتا ہے۔ شاید ہمیں اُن لوگوں کی طرف سے مخالفت اور اذیت کا سامنا بھی کرنا پڑے جو یہوواہ کے بندوں سے نفرت کرتے ہیں۔سچ ہے کہ یہوواہ ہر مشکل میں ہماری ڈھال نہیں بن جاتا لیکن اُس نے وعدہ کِیا ہے کہ وہ ہماری مدد کرے گا۔ (یسع 41:10) اُس کی مدد سے ہم مشکل وقت میں بھی اپنی خوشی برقرار رکھ سکتے ہیں، اچھے فیصلے کر سکتے ہیں اور اُس کے وفادار رہ سکتے ہیں۔ یہوواہ نے ہم سے وعدہ کِیا ہے کہ وہ ہمیں ”اِطمینان دے گا۔“ (فلِ 4:6، 7) یہ اِطمینان ہمارے دل اور ذہن کو ایک ایسا سکون دیتا ہے جو صرف اُسی وقت مل سکتا ہے جب یہوواہ کے ساتھ ہماری قریبی دوستی ہوتی ہے۔ یہ اِطمینان ”سمجھ سے باہر ہے“ اور یہ ہمارے تصور سے بھی بڑھ کر ہے۔ کیا کبھی آپ کو یہوواہ سے دُعا کرنے کے فوراً بعد ایک سکون محسوس ہوا ہے؟ یہ احساس اُس ”اِطمینان“ کا نتیجہ ہے جو یہوواہ کی طرف سے ملتا ہے۔ م24.01 ص. 20 پ. 2؛ ص. 21 پ. 4